Pages

نبی ﷺ کا ذکر ہمیشہ بلند رہے گا.نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت رکھنے والے ضرور پڑھیں

.
وَرَفَعْنَا لَكَ ذِكْرَكَ
نبی ﷺ کا ذکر ہمیشہ بلند رہے گا.نبی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت رکھنے والے ضرور پڑھیں


میرے نبی ﷺ کا ذکر ہمیش بلند رہے گا

*”محمد"* کا معنی سب سے زیادہ تعریف کے مستحق اور احمد کا معنی سب سے اعلیٰ تعریف کے مستحق۔ یعنی انسانوں میں آپ ﷺ کی ثنا سب سے زیادہ بھی ہے اور سب سے اعلیٰ بھی۔
(زاد المعاد لابن القيم : ٩٠/١)
لفظ *محمد* باب تفعیل سے مفعول کا صیغہ ہے اور اس کا معنی ہے.. *"ألذی یحمدُ حمداً بعدَ حمدٍ"*.. یعنی *محمّد* اسے کہتے ہیں جس کی بار بار تعریف کی جائے ۔
xxx. 
جیسے ہی ربیع الاول کا مہینہ شروع ہوجاتا ہے۔  منبر و محراب سے سیرت النبی ﷺ پر بیانات شروع ہوجاتے ہیں ۔ یہ ہمارے دینی موضوعات میں سب سے خوبصورت موضوع ہے جو باعث رحمت و برکت ہے۔ لیکن میرے خیال میں اس پر تھوڑی سی توجہ اور محنت کی ضرورت ہے، اس موضوع پر مزید بہتر انداز سے گفتگو ہوسکتی ہے۔
کیا ہی اچھا ہو کہ ہمارے خطباء
  *"لقد کان لکم فی رسول اللہ اسوۃ حسنۃ"*
کا سہارا لیتے ہوئے اس اسوہ حسنہ کو واضح کریں اور اس سے جڑی آپ کی وہ زندگی بیان کی جائے جو "بہترین نمونہ" ہے،
Xxxx. 
مثال کے طورپہ آپ ﷺ سیاسی میدان میں کس طرح بہترین نمونہ ہیں،
آپ ﷺ کی خارجی پالیسی کیا تھی،
آپ ﷺ کی معاشی پالیسی کیا تھی،
اپ ﷺ کی تجارت، لوگوں سے معاملات اور لین دین کیسا تھا'
سماجی میدان میں کس طرح بہترین نمونہ ہیں،
اخلاقیات میں کس طرح بہترین نمونہ ہیں،
شادی بیاہ سے متعلق آپ نے کیا کچھ ارشاد فرمایا،
آپ کے ارشادات کی روشنی میں خاندانی مسائل کو کس طرح حل کیا جاسکتا ہے،
آپ بحیثیت شوہر کیسا نمونہ تھے،
آپ بحیثیت باپ کیسا نمونہ تھے،
آپ حاکم ہونے کی حیثیت سے کیا نمونہ بن کر گئے،
ہماری موجودہ صورت حال میں آپ کی زندگی کیا رہنمائی کرسکتی ہے،
آپ نے معاشرتی زندگی میں کونسی خرابیوں کی کس انداز میں نشاندہی فرمائی،
xxx. 
آپس کے حقوق سے متعلق آپ نے کیا تاکیدات فرمائیں، 
خواتین کے ساتھ آپ کا سلوک کیا تھا،
آپ نے کون کونسے جرائم کو حالات اور ماحول کی تباہی کا سبب قرار دیا،
قانون اور اس کی بالادستی سے متعلق آپ نے کیا محنت فرمائی۔ 
وغیرہ وغیرہ
اس طرح کے کئی پہلو ہیں جن پر گفتگو کرنے اور عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے اور بےحد ضرورت ہے۔ 
”نبی کریم ﷺ کا اخلاق قرآن تھا۔ اسی کیلیے راضی ہوتے، اسی کی خاطر غضبناک ہوتے۔ اپنی ذات کیلیے کبھی غصہ ہوئے نہ انتقام لیا۔ مگر جب اللہ کی حرمات کو پامال کیا جاتا، تو اللہ کیلیے انتقام لیتے، اور جب غصہ ہوتے تو کوئی سامنا نہ کر سکتا۔
جود و سخا کا منتہی تھے، کبھی کسی سائل کو نا نہیں کی۔ سچی ترین زبان، پختہ ترین پیمان، نرم مزاجی کی اوج اور حیا کی معراج۔ نظریں جھکائے رکھتے، اور زمین کی طرف زیادہ دیکھتے۔ متواضع، رحیم، مشفق، پاکباز، اپنے ساتھیوں کی غیر موجودگی بھانپ لیتے، ان سے بے پناہ محبت فرماتے، اور ان کا اکرام کرتے۔ کوئی عذر لے کر آتا تو قبول فرماتے، حق کے سامنے کمزور اور طاقتور کو برابر سمجھتے۔ کسی پر بڑائی نہ جماتے، اٹھتے بیٹھتے اللہ کا ذکر فرماتے، اور مجلس میں جہاں جگہ ملتی بیٹھ جاتے۔
xxx. 
معاف کر دیا کرتے، غلطیاں بھلا دیتے، مریضوں کی عیادت کرتے، جنازوں میں شرکت کرتے، اور مساکین سے محبت کرتے۔ کسی فقیر کے فقر کو حقیر نہ جانا، اور کسی بادشاہ کی بادشاہت سے ہیبت زدہ نہ ہوئے۔ نعمتوں کی تعظیم فرماتے، کھانے میں کبھی عیب نہیں نکالا، ہمسایوں کو تحفظ دیتے، اور مہمانوں کی تکریم کرتے۔ جوتا گانٹھ لیتے، کپڑے پر پیوند لگا لیتے، گھوڑے گدھے خچر پر سوار ہو جاتے، متکبر تھے نا سخت گیر، غلام کو اپنے ساتھ سوار کر لیا کرتے۔
زیادہ تر قبلہ رخ ہو کر بیٹھے رہتے، لمبی نماز پڑھتے، مختصر خطبہ دیتے، دن رات کثرت سے استغفار فرماتے، پیر جمعرات، ایامِ بیض اور عاشوراء کا روزہ رکھتے، شعبان میں بہت روزے رکھتے، محرم پورا روزے سے گزارا۔ آپ کی آنکھ سوتی تھی، مگر دل بیدار رہتا تھا۔
ہدیہ قبول کرتے اور تبادلہ بھی کرتے۔ کھانے پینے سے دل نہیں لگایا، کم کھاتے، شکم سیری کی بجائے بھوک کو اختیار کرتے، بھوک کے مارے پیٹ پر پتھر تک باندھے، حالانکہ اللہ نے زمین کے خزانوں کی چابیاں آپ کو تھما رکھی تھیں۔ آپ نے دنیا کی بجائے آخرت کو چُن لیا، دنیا کو حقیر سمجھا اور آخرت کو اہمیت دی۔
خوشبو پسند فرماتے تھے، اور بدبو سے کراہت محسوس کرتے تھے۔ ہر کام میں دائیں طرف کو پسند فرماتے۔ سفر میں بھی تیل، سرمہ، شیشہ، کنگھی، مسواک، قینچی اور سوئی دھاگہ ہمراہ رکھتے۔ بعض اوقات مزاح بھی فرماتے، مگر حق ہی کہتے۔ اور آپ کے اخلاقِ حسنہ تو خیال و شمار سے باہر ہیں۔“
اِس مہینے میں وہ ہستی عالم وجود میں آئی جسے خود عالم کے پروردگار نے رحمۃ للعٰلمین قرار دیا۔ وہ جو قیامت تک کے لیے سرور عالم ہے؛ جن کا قلم روئے زمین کے سارے کناروں تک پھیلا ہوا ہے؛ جسے جوامع الکلم عطا ہوئے؛ جس ہستی کے لیے ساری زمین مسجد بنا دی گئی؛ جس کی ہیبت سے کفر لرزہ براندام ہوا. 
وہ ہستی جن کے ذریعے سے لوگوں پر اللہ رب العزت نے حجت پوری کر دے ؛ جس پر نبوت ختم ہوئی، وہ ہستی اِسی مہینے میں منصہ عالم پر جلوہ فرما ہوئی ۔ اِس میں شبہ نہیں کہ اُس کی نسبت سے یہ مہینہ رشک دہر ہے اور جی چاہتا ہے کہ اِس کا ایک ایک لمحہ جشن مسرت میں بسر ہو، 
وہ اِس داناے سبل، ختم الرسل، مولاے کل
جس نے غبار راہ کو بخشا فروغ وادی سینا
وہ ہستی جن کی تعریف کرتے ہوئے اللہ رب العالمین فرما رہا ہےکہ
*وَإِنَّكَ لَعَلى خُلُقٍ عَظِيمٍ*
*وَرَفَعْنَا لَكَ ذِكْرَكَ*
سیدالاولین و الآخرين ، سیدالانبیاء ، خاتم النبیین ، رحمت العالمین ، وہ ذات اقدس جن کی پیدائش اس دنیا کے مخلوقات پر اللّٰہ رب العزت کا سب سے بڑا احسان ہو، ہم چاہتے ہیں کہ ان کی شان میں کمی کردیں...! 
یعنی سمندر کو کوذے میں بند کردیں..! 
وہ ہستی جن کی یاد کی شمعیں ہر دل میں فروزاں رہنی چاہئے، وہ ہستی جن کا دن اور رات جب بھی پہلو بدلے، ہر مسجد کے مناروں سے بلند ہوتا رہتا ہو... یہ ہمارے آقائے مدینہ، رحمت اللعالمین کی شان کے خلاف ہےکہ اُسے ایک یوم میلاد اور ایک ماہ ربیع الاول کی شخصیت بنایا جائے۔ وہ ہماری جان سے بھی زیادہ عزیز، ہماری ساری متاع سے بھی زیادہ عزیز، سارے جہاں سے پیارے ایک دن اور ایک مہینے کی شخصیت نہیں ہو سکتے ۔
وہ تو ہر پل، ہر دن، ہر مہینے اور ہر سال کی شخصیت ہیں، اِس لیے نہ عید میلاد النبی، نہ جشن ربیع الاوّل، بلکہ صبح شام.. 
*لِدُلُوْکِ الشَّمْسِ اِلٰی غَسَقِ اللَّیْلِ*
ایک ہی صدا اور ایک ہی نغمہ
*أشہد أن لا إلٰہ إلّا اللّٰہ*
*أشہد أن محمدًا رسول اللّٰہ*
یہ نغمہ فصل گل و لالہ کا نہیں پابند
بہار ہو کہ خزاں ، لاالٰہ الا اللہ
.
آپ کی زندگی کا ایک لمحہ بھی ذکر رسول ﷺ، سے خالی ہو یا آپ کی زندگی کا ایک عمل بھی کردار رسول اللہ ﷺ خالی ہوجائے تو یہ آپ کے ایمان کےلیے خطرے کی گھنٹی ہے.. 
ایسے میں رسول اللہ ﷺ  سے سچی محبت کرنے والا یہ کیسے گوارا کرسکتا ہے کہ سال میں ایک مہینہ یا ایک دن ذکر رسول اللہ ﷺ کے لیے مخصوص کیا جائے....!!!؟؟
اگر محبت ہے تو ہر لمحہ محبت کا اظہار ہونا چاہیے۔
مصطفیٰ ﷺ سا آپ کا کردار بھی ہر عمل میں ہونا چاہیے۔
*فداه أبى وأمى و روحى جسدى و كل ما عندى علی النبی*
*صلی اللہ علیہ وسلم*
الداعی محمد شعیب اکمل 

No comments:

Post a Comment

Need Suggestions

Recent Updates